• Mon, 24 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹرمپ کا پھر نیادعویٰ: ٹیرف کی دھمکی سے ۸؍ میں سے ۵؍ ممکنہ جنگیں رکوائیں

Updated: November 24, 2025, 4:55 PM IST | Agency | Washington

امریکی صدر نے اپنے اقدامات کے دفاع میںاب یہ دعویٰ کیا ہے کہ ان کی پالیسیوں کی وجہ سے امریکی معیشت کوزبردست فائدہ پہنچا ہے۔

US President Donald Trump. Photo: INN
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ۔ تصویر:آئی این این
امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ، جنہوں نے اس سال دنیا بھر میں ہلچل مچانے والے ٹیرف عائد کیے ہیں، اپنے اقدامات کا مسلسل دفاع کر رہے ہیں۔ شدید تنقید کے درمیان وہ بارہا دعویٰ کرتے آئے ہیں کہ ان کی ٹیرف پالیسی نہ صرف امریکی معیشت کو مضبوط کر رہی ہے بلکہ بین الاقوامی تنازعات کو روکنے میں بھی معاون ثابت ہو رہی ہے۔ اب ٹرمپ نے ایک اور سنسنی خیز دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اب تک۸؍ جنگوں کو روکا ہے جن میں سے۵؍ کو ٹیرف کے ڈر سے روکا گیا۔ ٹرمپ نے کہا کہ ٹیرف کی وجہ سے نہ صرف امریکی خزانے میں اربوں ڈالر آئے ہیں بلکہ یہ بین الاقوامی سفارت کاری میں ایک موثر ہتھیار بھی بن چکا ہے۔ اتوار کو اپنے سوشل میڈیا ’ٹروتھ سوشل‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے امریکی صدر نے لکھا کہ ٹیرف کی دھمکیوں سے بڑی مقدار میں غیر ملکی پیسہ اور سرمایہ کاری ملک میں واپس آئی ہے۔ ان کے مطابق انہی انتباہات سے دنیا کی۸؍ ممکنہ جنگوں میں سے۵؍ کو روکا جاسکا ہے۔ ٹرمپ اکثر یہ دعویٰ کرتے رہے ہیں کہ انہوں نے عالمی سطح پر کئی تنازعات کو ختم کرایا ہے، جس میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان پلوامہ دہشت گردانہ حملے کے بعد ہوئی جنگ بندی بھی شامل ہے۔ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے اس وقت۳۵۰؍ فیصد ٹیرف لگانے کی دھمکی دے کر کشیدگی کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ٹیرف امریکی معیشت اور قومی سلامتی کے لیے بہت اہم ہے۔ ان کے مطابق امریکی اسٹاک مارکیٹ صرف گزشتہ۹؍ مہینوں میں۹؍ بار بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔ حالانکہ ان کی ٹیرف پالیسی کو دنیا بھر میں تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ اس سے عالمی تجارت میں عدم استحکام میں اضافہ ہوا ہے۔ امریکہ کی طرف سے ہندوستان پر بھی۵۰؍ فیصد تک کے اونچے ٹیرف لگائے گئے ہیں جن میں سے۲۵؍ فیصد ٹیرف روس سے ہندوستان کی خام تیل کی خریداری کو وجہ بتاتے ہوئے لگایا گیا ہے۔ امریکہ کی جانب سے عائد کیے گئے اونچے ٹیرف نے براہ راست ہندوستان کے زیورات، جھینگا برآمدات اور کئی دیگر اشیاء کو متاثر کیا ہے۔ تاہم حکومت ہند نے متاثرہ علاقوں کے مفادات کی حفاظت کے لیے مختلف امدادی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان نے چین کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو بہتر بنانے اور درآمدات اور برآمدات کے لیے امریکہ کا متبادل تلاش کرنے کی سمت میں بھی کام تیز کر دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK